Paradigm Computer Academy
*🥀ھم گردوپیش کے چہرے پہچانتے نہیں؟*
السلامُ عليكم و رحمة اللّٰه و بركاته..
*✍️ ایک خاتون کی دل گداز تحریر*
میری ایک دوست جو پہلے اسی شہر میں رہتی تھی، پھر اسے دوسرے شہر جانا پڑا.. پچھلے ایک سال سے ہر ماہ کچھ رقم ایک فیملی کے لیے مجھے بھیجتی ہے.. وہ میرے اکاؤنٹ میں رقم ٹرانسفر کرتی ہے اور میں وہ پیسے اس سفید پوش خاتون کو دے دیتی ہوں، جس کو وہ پہلے خود دیتی تھی.. ہر ماہ کی پانچ تاریخ کو وہ خاتون میرے گھر سے آ کر لے جاتی ہے.. اس بار پانچ تاریخ گزر گئی، وہ نہ آئی.. 10 اگست تک بھی وہ پیسے لینے نہ آئی، تو مجھے فکر ہونے لگی کیونکہ وہ اس رقم سے مکان کا کرایہ دیتی تھی..
اپنی دوست سے پوچھا.. اس نے کہا، اس کا بیٹا پیدا ہؤا ہے.. کچھ دن نہیں آ سکے گی، اگر تم خود پہنچا دو تو مہربانی ہو گی.. میں نے ایڈریس لیا اورپچھلے اتوار کو اس کے گھر تک پہنچ گئی.. ریلوے پھاٹک کے قریب گھر تھا، گھر کیا تھا ایک کمرے اور چھوٹے سے صحن پر مشتمل ملبہ تھا، خستہ دروازہ، کمرے کے باہر چولہا رکھا ہؤا، ٹوٹا پھوٹا ٹائلٹ اور اس کا 9 ہزار روپے ماہانہ کرایہ تھا.. گھر میں اس کے دو بچے اور وہ خود موجود تھی.. میاں مزدوری ڈھونڈنے نکلا تھا.. نومولود بچہ ایک کپڑے میں لپٹا چارپائی پہ کسمسا رہا تھا، اس کا ننھا جسم پسینے سے شرابور تھا، وہ پاس ہی لیٹی تھی.. پتہ چلا کچھ دن پہلے اپریشن ہؤا ہے..
پوچھا.. اتنی شدید گرمی میں پنکھا کیوں نہیں چلایا؟ کہنے لگی، ایک پیڈسٹل فین تھا، وہ پچھلے ماہ بیچا.. ہمارے پاس آپریشن کے پیسے نہیں تھے.. اب بغیر پنکھے کے ہی گزارا کر رہے ہیں.. وہاں بیٹھ کے میرے دل کو کچھ ہو رہا تھا.. میں پچھلے ایک سال سے اس کو کرایہ تھما دیتی تھی.. کبھی اس کے گھر کے حالات اس سے نہیں پوچھے کہ یہ پانچ جاندار آخر کیسے جی رہے ہیں؟ جس ماحول میں یہ جی رہے تھے انسان کا جینا مشکل تھا..
اس نے جو حالات بتائے، وہ صرف سنے ہی جا سکتے تھ،ے سہنا مشکل تھا.. شوہر کوکبھی مزدوری ملتی کبھی نہیں.. ایک دن چھوڑ کر فاقہ، آٹے کا ڈرم تقریباً خالی تھا، بچے جیسے صومالیہ کے فاقہ کش.. لیکن پھر بھی وہ صابر شاکر خاتون نکلی.. ہر بار آتی، چُپ چاپ کرایہ لے کر چلی جاتی..عزّتِ نفس کے ہاتھوں اس نے ایک بار بھی نہیں کہا،، آج میرے گھر میں آٹا نہیں ہے،، یا آپریشن کرواناہے، پیسے چاہییں ..
ہائے یہ غربت اوراس پہ عزّتِ نفس! ہم تو ان کو چہروں سے پہچاننے سے بھی گئے.. کتنی بار یہ خاتون میرے گھر آئی، مجھے کیوں نہ لگا کہ یہ اور اس کے بچے فاقوں سے ہیں، ان کو صرف مکان کا ہی نہیں، جسم کا کرایہ بھی بھرنا ہے، سانس کا بھی..
شرمندگی سی شرمندگی تھی.. پرس میں تھوڑے سے پیسے تھے، وہ بھی کرائے کے ساتھ تھمائے کہ آج کی سبزی اور آٹا لے لینا.. اس بیس دن کے نرم و ملائم بچے پہ ترس آیا جو گرمی اور حبس سے پگھلا جا رہا تھا.. میرے لیے بھی وہاں بیٹھنا مشکل ہورہا تھا، تپش اور حبس سے کپڑے تر ہونے لگے، کبھی یہ ماحول دیکھا ہی نہ تھا، ہم اے سی کی ٹھنڈک میں پوسٹیں لکھنے والے لوگ.. اس تجربے سے کب گزرتے ہیں؟
شرمندہ سی اٹھ کر گھر آئی، کچن میں بڑا بریکٹ فین لگوایا تھا پچھلے سال.. بیٹے سے کہا اتار کر گاڑی میں رکھو، مصالحہ جات کے پیکٹ اکٹھے کیے، راستے سے سبزی، دودھ کے پیکٹ اور آٹے کا تھیلا لیا اور عصر کے وقت اس کے گھر دے آئی.. اس کے میاں نے دروازہ کھولا، بے حد شریف اور مسکین سا شخص تھا.. کہا، میرے بھائی! ابھی اپنے کمرے میں یہ پنکھا فٹ کرو تاکہ اس ننھی معصوم کی جان میں جان آئے.. وہ بھی کیا سوچے گا کس دنیا سے کس دنیا میں آ گیا ہوں؟
پنکھا چلا تو وہ معصوم سکون میں آ گیا..
وہاں سے واپس آ کے بھی دل بےچین تھا.. ہم کتنے بےخبر ہیں؟ کتنے گھروں میں زندگیاں ایڑیاں رگڑ رہی ہیں اور ہم انٹر نیٹ کی سپیڈ سِلو ہونے پر پریشان ہوجاتے ہیں.. کتنے ہی گھرانے ایسے ہوں گے جہاں دوسرے وقت کا آٹا نہیں ہے اور ہم اے سی نہ چلنے پر دکھی ہوتے ہیں.. ہم ارشد ندیم وغیرہم کو ہر روز کروڑوں کے نئے چیک ملنے پر تالیاں بجاتے ہوئے کروڑوں فاقہ کشوں بھول جاتے ہیں..
ہائے یہ سفید پوش گھرانے! مانگتے بھی نہیں اور کھل کے جیتے بھی نہیں اور مرتے بھی نہیں!
بہت سخت حالات ہیں، آس پاس نظر کیجیے.. ڈھونڈنے بھی نہیں جانا پڑے گا.. کوئی بہت اپنا یا پرایا دستِِ سوال دراز کرنے میں ہچکچاتا ہو گا، لیکن مشکل میں ہو گا..
ہم ان کو ان کے چہروں سے کیوں نہیں پہچان لیتے؟
▫️یہ پیغام صدقۂ جاریہ سمجھ کر شیئر فرمائیں.. شاید ہماری وساطت سے کسی کا بھلا ممکن ہو سکے..
14/08/2024
Paradigm Computer Academy Shaheen Abad Gujranwala
Office
Click here to claim your Sponsored Listing.
Category
Contact the school
Telephone
Address
Super Mobile Market, G. T Road, Shaheenabad
Gujranwala
52250
Opening Hours
| Monday | 10:00 - 17:00 |
| Tuesday | 10:00 - 21:00 |
| Wednesday | 10:00 - 21:00 |
| Thursday | 10:00 - 21:00 |
| Friday | 16:00 - 21:00 |
| Saturday | 10:00 - 21:00 |
| Sunday | 10:00 - 17:00 |