Jamiat Ahli Hadees-JK

Jamiat Ahli Hadees-JK

Share

26/06/2026

دعوتِ عام 🌙
جمعیت اہلحدیث حلقہ شالیمار کے زیرِ اہتمام عظیم الشان دینی اجتماع میں شرکت کیجیے اور علمائے کرام کے ایمان افروز بیانات سے مستفید ہوں۔
📅 30 جون 2026 (منگل) 🕌 مسجد النور کالونی، شالیمار، سرینگر 🕰️ نمازِ عصر سے نمازِ عشاء تک
تشریف لائیں، اپنے اہلِ خانہ، دوستوں اور احباب کو بھی ساتھ لائیں، اور اس بابرکت اجتماع کا حصہ بنیں۔


Media Cell
Jamiat Ahlihadees JK

Photos from Jamiat Ahli Hadees-JK's post 25/06/2026

میر سھیل حرمین ؍ جمعیت میڈیا؍ صدر جمعیت اہلحدیث جموں و کشمیر ڈاکٹر عبداللطیف الکندی صاحب کی ہدایات و سرپرستی میں قرآن و سنت کی دعوت کا یہ پُرعزم اور باوقار قافلہ، نائب صدر دوم جمعیت اہلحدیث جموں و کشمیر محترم محمد شعبان کمہار کی قیادت میں مرکزی دفتر جمعیت اہلحدیث جموں و کشمیر سے روانہ ہوا۔ یہ محض ایک سفر نہیں ، بلکہ توحید کی شمع کو وادیِ لداخ کے دور دراز اور سنگلاخ علاقوں تک پہنچانے کا ایک مقدس مشن ، اس قافلے میں شامل ہر فرد اپنے دل میں دین کی محبت، دعوتِ حق کا جذبہ اور امتِ مسلمہ کی اصلاح کا درد لیے ہوئے روانہ ہوا۔ سیکرٹری ٹرسٹ محترم محمد اکبر خان، آرگنائزر محترم مولانا طارق احمد کلو، ناظم تبلیغ محترم مولانا منظور احمد گورکھو المدنی، ناظم امور عامہ محترم حامد بٹ، صدر جمعیت اہلحدیث ضلع کولگام محترم مولانا ریاض احمد بٹ اور استاذ الکلیۃ السلفیہ للبنات محترم عبدالقدیر بالی المدنی جیسے اہلِ علم و ذمہ داران کی موجودگی نے اس قافلے کو ایک علمی، تنظیمی اور روحانی وقار عطا کیا۔ یہ وہ قافلہ ہے جس کا استقبال کرگل، لہہ اور طورتک کے اہلِ ایمان نے محبت اور عقیدت کے ساتھ کیا۔
ان علاقوں کے ذمہ داران اور عوامِ اہلِ توحید کئی ماہ سے اس تاریخی دورے کے منتظر تھے۔ جب یہ قافلہ ان پہاڑوں، وادیوں اور دشوار گزار راستوں سے گزرتا ہوا وہاں پہنچا تو چھوٹے بڑے، سب نے والہانہ انداز میں اس کا استقبال کیا۔ یہ وہ خطہ ہے جہاں کبھی وسائل کم تھے، رابطے محدود تھے، مگر ہمارے اسلاف نے انہی صعوبتوں کے باوجود توحید و سنت کا بیج بویا، جس کی آبیاری آج بھی اخلاص کے ساتھ جاری ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہ دعوتی سفر سرینگر سے شروع ہو کر کرگل کے دشوار گزار بیابانوں سے گزرتا ہوا ان بابرکت بستیوں تک پہنچا، یہ قافلہ آج بھی الحمدللہ لہہ، لداخ اور طورتک کے مختلف علاقوں میں سرگرمِ عمل ہے اور دعوت و اصلاح کا یہ سلسلہ پوری قوت اور تسلسل کے ساتھ جاری و ساری ہے۔
جامع اہلحدیث مراد باغ، دراس میں “اسلام دینِ رحمت” کے عنوان سے ایک عظیم الشان کانفرنس منعقد ہوئی، جس کی صدارت صدر جمعیت اہلحدیث جموں و کشمیر ڈاکٹر عبداللطیف الکندی صاحب نے فرمائی۔ نظامت کے فرائض محترم بلال احمد سلفی نے احسن انداز میں انجام دیتے ہوئے مہمانانِ گرامی کا تعارف اور استقبال بڑے خوبصورت انداز میں پیش کیا۔ کانفرنس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد علمائے کرام اور خطباء نے ایمان افروز، علمی اور فکر انگیز خطابات پیش کیے۔
اسلام دینِ رحمت ہے، انسانی حقوق میں اسلام کا مقام، اور اسلامی اخوت و محبت جیسے اہم موضوعات پر علماء کرام کے خطابات نے پورے ماحول کو روحانیت اور بیداری سے بھر دیا۔ وادیِ کوہسار کے اطراف سے لوگ جوق در جوق اس کانفرنس میں شریک ہوئے۔ بچے، خواتین، بزرگ سب نے اس دعوتِ توحید کو لبیک کہا اور اپنی بھرپور شرکت سے کانفرنس کو تاریخی حیثیت عطا کی۔
اس موقع پر محترم عبدالقدیر بالی المدنی، محترم عبدالرحیم ندوی، محترم ریاض احمد بٹ، محترم طارق احمد کلو، محترم مولانا منظور احمد ندوی، محترم منیر احمد سلفی، محترم منظور احمد گورکھو المدنی، محترم محمد اکبر خان اور محترم انجینئر محمد شعبان کمہار نے مؤثر اور مدلل خطابات کیے۔ آخر میں صدر جمعیت اہلحدیث جموں و کشمیر ڈاکٹر عبداللطیف الکندی صاحب نے ٹیلیفونک خطاب فرمایا، جس میں انہوں نے اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا اور نبی کریم ﷺ پر درود و سلام کے بعد اہلِ دراس کو اس عظیم کانفرنس کی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے فرمایا کہ اسلام ایک مکمل نظامِ حیات ہے جو انسان کی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو سنوارتا ہے، لیکن ہماری کوتاہی یہ ہے کہ ہم نے دین کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے میں غفلت برتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دین کا صحیح علم، فہم اور عمل ہی ہمیں دنیا و آخرت کی کامیابی کی طرف لے جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ اپنی کمزوریوں کی وجہ سے بعض اوقات ہمارے اعمال دین کی غلط تصویر پیش کرتے ہیں، لہٰذا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے کردار کو اسلام کے مطابق بنائے۔
انہوں نے دور دراز علاقوں میں اس دعوتی وفد کی آمد کو سراہتے ہوئے تمام منتظمین، مقامی ذمہ داران اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس محنت کو قبول فرمائے اور سب کو دین پر استقامت عطا کرے۔
کانفرنس کا اختتام محترم مولانا فقیر محمد خان صاحب (صدر ضلع جمعیت اہلحدیث کرگل) کی کلماتِ تشکر اور دعا سے ہوا۔ انہوں نے وفد اور مقامی لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ دعوت خالص قرآن و سنت کی دعوت ہے اور ہر شخص کو اس قافلۂ خیر میں شامل ہونے کی دعوت دی جاتی ہے۔
اس کے بعد وفد نے مدرسہ محمدیہ تعلیم القرآن مراد باغ دراس کا دورہ کیا، جہاں طلبہ و طالبات کے ساتھ ایک علمی و تربیتی نشست منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وفد نے مدرسے کے نظام، ماحول اور تعلیمی سرگرمیوں کو سراہا اور اسے وادیٔ کوہسار میں علم و ہدایت کا ایک روشن چراغ قرار دیا۔
بعد ازاں لہہ لداخ کے مخلص کارکنان کے ساتھ ایک اہم تنظیمی نشست منعقد ہوئی، جس میں جماعت کو مزید فعال اور مستحکم بنانے کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔ اسی دوران مسجد علی بن ابی طالبؓ کے کام کا جائزہ بھی لیا گیا اور مقامی ذمہ داران کی کوششوں کو سراہا گیا۔
یہ کاروانِ دعوت آج بھی اپنے عزم و استقامت کے ساتھ لہہ، لداخ اور طورتک کے علاقوں میں سرگرمِ عمل ہے، قرآن و سنت کے نور کو پھیلا رہا ہے، اور صدر جمعیت اہلحدیث جموں و کشمیر ڈاکٹر عبداللطیف الکندی صاحب کی رہنمائی میں دعوتِ حق کے مشن کو مضبوطی سے آگے بڑھا رہا ہے۔
MEDIA CELL
JAMIAT AHLHADEES JK

Want your place of worship to be the top-listed Place Of Worship in Srinagar?
Click here to claim your Sponsored Listing.

Telephone

Address


Barbarshah Srinagar Kashmir
Srinagar
190001