Daily Pakhtunkhwa
11/07/2026
جنوبی وزیرستان اپر: مبینہ ڈرون حملے کے خلاف احتجاج شدت اختیار کر گیا، مرکزی شاہراہیں بند، سڑک کے وسط میں جاں بحق شخص کے لیے قبر کھود دی گئی
لدھا: ( خراسان ٹائمز ) جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل لدھا کے علاقے حلال الگڈ اللہ جان کوٹ نظر خیل میں ایک رہائشی مکان پر مبینہ ڈرون حملے میں ایک شخص کے جاں بحق اور گھر کے چار افراد کے شدید زخمی ہونے کے واقعے کے بعد علاقے میں احتجاج شدت اختیار کر گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مبینہ ڈرون حملے میں محمد نواز نظر خیل جاں بحق ہوئے، جبکہ ان کے گھر کے چار افراد شدید زخمی ہوئے، جنہیں تشویشناک حالت میں ہیڈکوارٹر ہسپتال لدھا منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
تازہ اطلاعات کے مطابق اس واقعے کے خلاف لواحقین، قبائلی مشران اور بڑی تعداد میں مقامی افراد نے سام بریگیڈ کے سامنے احتجاجی دھرنا دے رکھا ہے، جو آخری اطلاعات تک جاری ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق مظاہرین نے لدھا، وانا اور ٹانک جانے والی مرکزی شاہراہ پر متعدد مقامات پر کھدائی کر کے ہر قسم کی آمدورفت معطل کر دی ہے۔ علاوہ ازیں سام بریگیڈ کی جانب جانے والی سڑک بھی کھود کر بند کر دی گئی ہے، جس کے باعث علاقے میں ٹریفک کی آمدورفت شدید متاثر ہوئی ہے۔
عینی شاہدین کا مزید کہنا ہے کہ احتجاج کے دوران جاں بحق ہونے والے محمد نواز نظر خیل کے لیے بریگیڈ کی جانب جانے والی سڑک کے عین وسط میں قبر کھود دی گئی ہے۔ تاہم آخری اطلاعات تک ان کی تدفین نہیں کی گئی اور مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا جاری رکھے ہوئے ہیں۔
واقعے اور احتجاج کے حوالے سے متعلقہ حکام کا باضابطہ مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا، جبکہ علاقے کی صورتحال بدستور کشیدہ بتائی جا رہی ہے۔
پہاڑ پور حسن خیل میں پیش آنے والا المناک واقعہ۔۔۔ بدقسمت پشتون قوم، چھ قیمتی جانوں کا ضیاع۔ افسوس! 😭😭😭
Click here to claim your Sponsored Listing.