Pakistan Updates
06/08/2022
پی ٹی آئی کا حکومت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کیلیے ایک ماہ کا الٹی میٹم، عمران خان کا تمام 9 حلقوں سے خود ضمنی الیکشن لڑنے کا بھی فیصلہ
پی ٹی آئی نے حکومت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کے لیے ایک ماہ کا الٹی میٹم دیتے ہوئے اسلام آباد میں جلد عوامی طاقت کے مظاہرے کا اعلان کردیا‘اسلام آباد کے جلسے میں ہم انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا الٹی میٹم دیں گے اور ہم ایک ماہ سے زیادہ اس حکومت کو وقت نہیں دے سکتے ۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ ہم الیکشن کمیشن کے کسی فیصلے اورانتخابات کے عمل پر بھروسا نہیں رکھتے۔اگلے 48 گھنٹوں میں ہم اسلام آباد میں بڑے اجتماع کی تاریخ دیں گے، اس جلسے میں ہم انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا الٹی میٹم بھی دیں گے اور ہم ایک ماہ سے زیادہ اس حکومت کو وقت نہیں دے سکتے۔انہوں نے کہا کہ حکومت انتخابات کا اعلان نہیں کرتی تو ہمارے اگلے اقدام کے لیے تیار ہوجائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے چیف اورممبران مستعفی ہوں ان پرکسی قسم کا بھروسا نہیں ہے، ضمنی انتخاب کے شیڈول پر الیکشن کمیشن کو 16 اگست تک انتظار کرنا چاہیے تھا، یہ جس طرح الیکشن کرانا چاہ رہے ہیں اس طرح ممکن نہیں، خالی میدان والی حسرت یہ لے کر نہیں جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں ڈرون حملے میں ایمن الظواہری ہلاکت پر وضاحت چاہتے ہیں، حکومت بتائیے کہ ہماری فضائی حدود یا زمین استعمال ہوئی یا نہیں؟انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں بہت بھاری قیمت ادا کی اب ہم کسی ایسے سودے کا حصہ نہیں بن سکتے، قوم جواب چاہتی ہے کہیں اب ہم پھر سے القاعدہ کے خلاف یا امریکا کا آلہ بننے نہ جا رہے ہوں۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 9 حلقوں سے خود ضمنی الیکشن لڑ ونگا ، آئندہ بھی جن سیٹوں پر انتخابات کرائے گئے پچھلی نشستیں چھوڑ کر انتخابات میں حصہ لوں گا، عام انتخابات 2022میں ہی ہوں گے، حکومت اس سال انتخابات پر تیار تھی،فوج کے اندر سب سے بہتر افسر کو آرمی چیف لگانا چاہیے۔ صحافیوں و اینکرپرسنزسے گفتگو کرتے ہوئے عمراان خان کا کہنا تھا کہ مجھے نااہل نہیں کیاجا سکتا، الیکشن کمیشن کو فیصلہ کہیں اور سے دیا گیا، فنڈنگ ریزنگ کی حوصلہ شکنی ہوگی تو لوگ مافیا سے فنڈ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ کتنا بڑا ظلم ہے کہ آرمی چیف کی تقرری پر ملک رکا ہوا ہے‘ نوازشریف واپس نہیں آئے گا۔ ایک سوال پر عمران خان نے کہا ہے کہ میرے دور اقتدار میں 2 بڑی غلطیاں ہوئیں پہلی ابھی نہیں بتاؤں گا دوسری غلطی یہ تھی کہ سکندر سلطان کو چیف الیکشن کمشنر بنایا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ماضی میں 2 غیرملکی حکومتوں نے فنڈنگ کی پیشکش کی جو ٹھکرادی۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ مجھے سنگل آؤٹ کرنا چاہتے ہیں اور سمجھتے ہیں مجھے نااہل کرالیں گے لیکن ان کے خواب کبھی پورے نہیں ہوں گے میں موجودہ حکمرانوں کا ہر میدان میں مقابلہ کروں گا۔
06/08/2022
جنرل باجوہ کا سعودی عرب اوریواے ای سے رابطہ،آئی ایم ایف سے قرض کی منظوری یقینی
جنرل باجوہ کا سعودی عرب اوریواے ای سے رابطہ،آئی ایم ایف سے قرض کی منظوری یقینی۔تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حکام سے رابطہ کیا ہے اور آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق آرمی چیف نے عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان کو قرض کے حصول کے لیے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حکام سے رابطہ کیا ہے اور انہیں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری قرض پروگرام سے متعلق آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی پاکستان کے لیے کی جانے والے کاوش کے نتیجے میں پاکستان کے لیے اچھی خبر جلد متوقع ہے۔ واضح رہے چند روز قبل بھی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی نائب وزیر خارجہ سے رابطہ کر کے جلد قرض کی وصولی کے لیے آئی ایم ایف پر دباؤ ڈالنے کی درخواست کی تھی ۔علاوہ ازیں چین کی جانب سے پاکستان کا 4 ارب 23 کروڑ ڈالرز کا قرضہ رول اوور کرنے کے بعد سعودی عرب نے بھی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) میں دستیاب فنڈز کوٹہ پاکستان کو فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کردی۔ میڈیارپورٹ کے مطابق پاکستان کیلیے آئی ایم ایف بورڈ سے اگلے اقساط کی منظوری اور آئی ایم ایف پروگرام کی ٹریک پر واپسی یقینی ہوگئی ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ رواں ماہ آئی ایم ایف بورڈ پاکستان کے اقتصادی جائزہ کی منظوری کے ساتھ ہی ایک ارب ستر کروڑ ڈالر کے قریب مالیت کی اگلی اقساط کے اجراء کی بھی منظوری دیدے گا۔اس حوالے سے وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے آئی ایم ایف میں دستیاب ایس ڈی آر فنڈز کوٹے کے حوالے سے مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے جس سے سعودی عرب کی جانب سے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) میں دستیاب فنڈز کوٹہ پاکستان کو ملنے کا امکان ہے۔وزارت خزانہ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے، دوست ملک کی جانب سے کوٹہ پاکستان کو دینے پر رضامندی ظاہر کی گئی، آئی ایم ایف میں کوٹہ پاکستان کو ملنے سے فنانسنگ گیپ پورا ہو جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی اضافی سہولت ملنے کا بھی امکان ہے اور تیل کی سہولت 1.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2.4 ارب ڈالر ہونے کا بھی امکان ہے اس کے علاوہ چین کی جانب سے بھی 4.3 ارب ڈالر کا قرضہ رول اوور کر دیا گیا ہے، اس میں 2.3 ارب ڈالر کا کمرشل قرضہ، 2 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس شامل ہیں۔قبل ازیںآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نئی قائم کردہ آرمی سائبر کمانڈ کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جنگ کی نوعیت بدل رہی ہے، فائر پاور اور سائبر ٹیکنالوجی مستقبل کی جنگ میں نمایاں اہمیت اختیار کرچکی ہیں، ہمیں ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عاملہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نئی قائم کردہ آرمی سائبر کمانڈ کا دورہ کیا، آرمی چیف نے سائبر ڈویژن اور آرمی سینٹر آف ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کا بھی دورہ کیا، اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ نئی سائبر کمانڈ کو مرحلہ وار تینوں افواج کے ساتھ منسلک کردیا جائیگا، یہ کمانڈ قومی سطح پرنیشنل سائبر اقدامات میں ہم آہنگی کا بھی حصہ بنے گی، قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کمانڈر آرمی سائبر کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے ان کا استقبال کیا، لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس سمیت دیگر اعلی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ♥
Klik hier om uitgelicht te worden.
Website
Adres
Karachi
78850